سائنس و ٹیکنالوجی

شطرنج کھیلنے والے روبوٹ نے غصے میں بچے کی انگلی توڑ دی

روس میں شطرنج کھیلنے والے ایک روبوٹ نے مقابلے کے دوران 7 سالہ بچے کی انگلی توڑ دی۔

ماسکو چیس فیڈریشن کے صدر سرگئی لارزف نے بتایا کہ روبوٹ نے بچے کی انگلی توڑ دی تھی، حالانکہ اس سے قبل مشین نے متعدد میچز میں کسی قسم کے تشدد کا اظہار نہیں کیا تھا۔

یہ واقعہ گزشتہ ہفتے 19 جولائی کو ماسکو اوپن کے دوران پیش آیا تھا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا سائٹ ٹیلی گرام پر وائرل ہوئی۔

اس ویڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ روبوٹ نے بچے کی انگلی کو توڑنے کے بعد کچھ دیر تک تھامے رکھا اور پھر ایک خاتون اور تین مردوں نے بچے کو آزاد کرایا۔

رشین چیس فیڈریشن کے نائب صدر سرگئی سمگین نے بتایا کہ روبوٹ کو بظاہر اس وقت غصہ آیا جب اس نے ایک چال چلی مگر اس کے مکمل ہونے سے قبل بچے نے اپنی چال چل دی۔

انہوں نے کہا کہ یہ اس طرح کا پہلا واقعہ ہے۔

سرگئی لازرف نے کہا کہ وجہ جو بھی ہو مگر روبوٹ بنانے والی کمپنی کو اس حوالے سے سوچنے کی ضرورت ہے۔

متاثرہ بچے کا نام کرسٹوفر بتایا جارہا ہے اور یہ بھی کہا جارہا ہے کہ وہ 9 سال سے کم عمر 30 بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہے۔

واقعے کے بعد بچے کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کو طبی امداد فراہم کی گئی اور متاثرہ انگلی پر پلاستر لگادیا گیا۔

کرسٹوفر نے واقعے کے بعد اگلے دن پھر ٹورنامنٹ میں شرکت کی اور رضاکاروں کی مدد سے اپنے مقابلوں کو مکمل کیا۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button