ناپسندیدہ مارکیٹنگ میسیجز کے حوالے سے حکومت کا بڑا اقدام


وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت نے موبائل فون صارفین کے تحفظ کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے صارفین کو ناپسندیدہ ایس ایم ایس بلاک کرنے کی اجازت دینے کیلئے پالیسی سازی کا عمل شروع کردیا ہے۔
پی ٹی اے صارفین کے ڈیٹا کی رازداری کے قوانین کا فوری جائزہ لے گی، صارفین کی پرائیویسی شہریوں کا بنیادی آئینی حق ہے حکومت اس کی خلاف ورزی کسی قدر اجازت نہیں دے گی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے شہریوں کو ناپسندیدہ ایس ایم ایس بلاک کرنے کی اجازت دینےکی پالیسی پراتفاق کرلیا۔
پرائم منسٹر اسٹریٹیجک ریفارمز کے سربراہ سلمان صوفی نے چیئرمین پی ٹی اے عامر عظیم باجوہ سے ملاقات کی جس میں انہیں غیرضروری ایس ایم ایس کے قوانین کا جائزہ لینےکی ہدایت کی۔
پرائم منسٹر اسٹریٹیجک ریفارمز کے سربراہ کی ہدایت پر پی ٹی اے مارکیٹنگ کے ناپسندیدہ ایس ایم ایس اور شہریوں کے رازداری قوانین کا جائزہ لےگا۔
سلمان صوفی نے کہا کہ شہریوں کی پرائیویسی آئینی حق ہے اور وزیراعظم یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ اس کی خلاف ورزی نہ ہو اس لیے صارف کا ڈیٹا اس کی مرضی کے بغیر کسی اور کمپنی کو دینےکی اجازت نہیں ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق صارف بغیر اجازت موصول ہونے والے میسج بھیجنے والی کمپنی کو رپورٹ کرسکے گا اور صارف کو حق حاصل ہوگا کہ میسج بھیجنے والی کمپنی کو میسج بھیجنے سے منع کرسکے۔



