معروف کمپنی ایپل کی جانب سے ذیابیطس کے مریضوں کے لیئے ایک بڑی ایجاد

ذیابیطس کے مریض اب بغیر سوئی کے بلڈ شوگر ٹیسٹ کرسکے گے
طویل عرصے سے ایپل کی جانب سے سوئی کے استعمال کے بغیر بلڈ شوگر کی مانیٹرنگ کو ایپل واچ کا حصہ بنانے کے لیے کام چل رہا ہے اور اب اس حوالے سے وہ کامیابی کے قریب پہنچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹیکنالوجی کو کانسیپٹ مرحلے تک پہنچا دیا گیا ہے جبکہ بلڈ شوگر کو جانچنے کے لیے ٹیکنالوجی میں لیزر کا سہارا لیا جائے گا۔
مزید تفصیلات کے مطابق ایپل کی جانب سے اس ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے پہلے کسی میز جتنی بڑی ڈیوائس کو استعمال کرنا پڑ رہا تھا مگر اب اسے آئی فون جتنے حجم کی پروٹوٹائپ ڈیوائس کا حصہ بنا کر کامیابی سے استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب ابھی اسمارٹ واچ جتنی چھوٹی ڈیوائس کا حصہ بنانے کے لیے کافی کام کرنا باقی ہے۔
سوئی سے مریضوں کو تکلیف، جِلد کو نقصان پہنچنے، خراشوں اور انفیکشن کے خطرے کا سامنا ہوتا ہے مگر ایپل کی اس ٹیکنالوجی سے نہ صرف ذیابیطس کے مریض اپنی بیماری پر نظر رکھ سکیں گے بلکہ ان افراد کو بھی فائدہ پہچ سکے گا جو ذیابیطس کے مریض تو نہیں ہوتے مگر ان کے بلڈ شوگر کی سطح کافی زیادہ ہوتی ہے۔
اس حوالے سے ایپل کی طرف سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے مگر تفصیلات کے مطابق اس منصوبے پر 2010 سے کام ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ ذیابیطس کے مریضوں کو روزانہ کئی بار سوئی کی مدد سے انگلی سے خون کا خطرہ نکال کر شوگر لیول چیک کرنا ہوتا ہے تاکہ انسولین کا استعمال کیا جاسکے۔



