عہدہ چھوڑنے کے پول پر ایلون مسک کا ردعمل سامنے آگیا

ٹوئٹر کے سی ای او کے عہدے کو چھوڑنے کے لیے ایک کروڑ سے زیادہ افراد کی جانب سے ووٹ دیے گئے۔
واضح رہے کہ ایلون مسک نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی سربراہی چھوڑنے کے حوالے سے عوام سے ایک ٹوئٹر پول کے ذریعے رائے طلب کی تھی۔
جس پر 57.5 فیصد افراد نے ایلون مسک کو ٹوئٹر کے سی ای او کا عہدہ چھوڑنے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔
19 دسمبر کی سہ پہر کو ختم ہونے والے پول کے بعد ایلون مسک کی جانب سے کئی گھنٹوں تک خاموشی اختیار کی گئی۔
اور پھر اپنے اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کرنے کی بجائے ایک صارف کے میسج پر انہوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔
Good point. Twitter will make that change.
— Elon Musk (@elonmusk) December 19, 2022
صارف کی ٹوئیٹ میں کہا گیا تھا کہ پالیسی سے متعلق پولز پر صرف ماہانہ فیس ادا کرنے والے ٹوئٹر بلیو کے صارفین کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہونی چاہیے تھی۔
ایلون مسک نے اس صارف کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ اچھا نکتہ ہے اور ٹوئٹر میں یہ تبدیلی کی جائے گی۔
یعنی انہوں نے بظاہر سی ای او کے عہدے سے ہٹانے والے پول کے نتائج کو ماننے سے انکار کردیا ہے۔
ایک اور صارف کے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ پول کے نتائج میں جعلی اکاؤنٹس نے کردار ادا کیا ہوگا جس پر ایلون مسک نے اپنے جواب میں انٹرسٹنگ لکھا۔
Interesting
— Elon Musk (@elonmusk) December 20, 2022
یاد رہے کہ ایلون مسک اس سے قبل بھی ٹوئٹر کے سی ای او کا عہدہ چھوڑنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔
16 نومبر کو ایک مقدمے کی سماعت کے دوران ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ آنے والے وقت میں ٹوئٹر کو چلانے کے لیے کسی اور فرد کی خدمات حاصل کریں گے۔



