ملکہ ایلزیبتھ کا آخری دیدار،ہزاروں افراد کا خراج عقیدت

ملکہ الزبتھ دوم کی وفات سے برطانوی تاریخ کے طویل ترین دورِ حکمرانی کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ ملکہ کا تابوت لندن میں ویسٹ منسٹر ہال میں عام دیدار کے لیے رکھا ہوا ہے۔19 ستمبر تک عوام آنجہانی ملکہ کوخراج عقیدت پیش کریں گے۔
آنجہانی ملکہ کی تدفین 19 ستمبرکوسینٹ جارج چیپل میں ہوگی۔ اس سے قبل ان کی آخری رسومات ویسٹ منسٹر ایبے میں ادا کی جائیں گی جہاں تقریباً2000 افراد کی گنجائش ہے۔
آخری رسومات میں شرکت کے لیے 500 سربراہان مملکت اور دیگر غیر ملکی مہمان مدعو ہیں جن میں امریکی صدر، جاپان کے بادشاہ ، ترکیہ اور فرانس کے صدور بھی شامل ہیں۔
بیلجیئم، نیدر لینڈ، اسپین ،ناروے، سویڈن، ڈنمارک اور مناکو کے شاہی خاندانوں نے بھی آخری رسومات میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے۔
دولت مشترکہ کے ممالک میں آسٹریلیا،نیوزی لینڈ اورکینیڈین وزرائے اعظم نے تقریبات میں شرکت کی حامی بھرلی ہے۔
کہاجا رہا ہے کہ یہ شاہی خاندان کی شخصیات اورسیاستدانوں کا اتنابڑااجتماع ہوگا جس کی مثال کئی عشروں میں نہیں ملتی۔
لندن میں سیکورٹی ہائی الرٹ ہے،پولیس اور فوج نے سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال رکھی ہیں۔19 ستمبرکو برطانیہ میں بینکوں کی عام تعطیل بھی ہوگی۔



