ساؤتھ ایشین مسلم کمیونٹی کا نیویارک میں بھارتی قونصل خانے کے باہراحتجاج

امریکی شہر نیویارک میں مقیم ساؤتھ ایشین مسلم کمیونٹی کی جانب سے بھارتی قونصلیٹ کے باہر گستاخانہ بیانات پر مظاہرہ کیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی شہر نیویارک میں مقیم ساؤتھ ایشین مسلم کمیونٹی کی جانب سے بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے گستاخانہ بیانات کے خلاف احتجاج اور مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارتی رہنما اپنے بیانات پر معافی مانگے۔ مظاہرین نے بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کیا۔
احتجاج مین ہیٹن کے پوش علاقے میں قائم بھارتی قونصل خانے کے باہر شام ساڑھے 4 بجے کیا گیا۔ مظاہرین میں بچے ، بڑے اور بزرگ افراد بھی شامل تھے، جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔
واضح رہے کہ بھارتی پولیس کی جانب سے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے رہنماؤں کے خلاف نبی کریم ﷺ کے گستاخانہ بيانات پر 2 روز قبل 8 جون کو مقدمات درج کیے گئے تھے، مقدمات میں نوپورشرما اور نوين کمار کے نام شامل تھے۔ گستاخانہ بيانات کے خلاف دنيا بھر کے مسلمانوں ميں شديد غم وغصہ تھا۔ بھارتی پوليس کو رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج نہ کرنے پر تنقيد کا سامنا تھا۔
واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد ٹوئٹر پر بائیکاٹ انڈیا ٹاپ ٹرینڈ بنا، جب کہ عرب دنیا کے مسلمانوں نے بھی اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور سعودی عرب میں بھی یہ ٹرینڈ ٹاپ پررہا۔ واقعہ کے بعد کئی مسلم ممالک کے اسٹورز سے بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اشیا کو ہٹا دیا گیا تھا۔



