اناڑی پائلٹ 300 مسافروں سے بھرا جہاز لے اُڑا


برطانیہ میں ایک غیر تربیت یافتہ اناڑی پائلٹ 300 مسافروں سے بھرا جہاز لے اڑا، تاہم خوش قسمتی سے جہاز حادثے سے محفوظ رہا، اور اسے بخیریت واپس اتار لیا گیا۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق ورجن اٹلانٹک ائیرلائن کی برطانیہ سے امریکا جانے والی پرواز کو غیر تربیت یافتہ پائلٹ کی جانب سے لے کر جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ سے نیو یارک کیلئے اڑان بھرنے والی ورجن اٹلانٹک کی پرواز کے دوران انکشاف ہوا کہ معاون پائلٹ غیر تربیت یافتہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق معاون پائلٹ نے کیپٹن کو بتایا کہ اس نے ابھی تک اپنا فلائنگ ٹیسٹ مکمل نہیں کیا ہے۔ معاون پائلٹ کی جانب سے آگاہ کرنے کے بعد اڑان بھرنے کے 40 منٹ بعد پرواز کو واپس ہیتھرو ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا، پرواز میں 300 مسافر سوار تھے۔
ائیرلائن کے ترجمان نے اس غلطی کو “روسٹرنگ ایرر” قرار دیتے ہوئے مسافروں سے معذرت کی، انہوں نے کہا کہ فلائٹ تاخیر کا شکار ہونے کے باعث ہم مسافروں سے معذرت خواہ ہیں۔
ائیرلائن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ “کوالیفائیڈ فرسٹ آفیسر، جو کہ ایک تجربہ کار کپتان کے ساتھ پرواز کر رہا تھا، کو ایک نئے پائلٹ سے تبدیل کر دیا گیا تاکہ ورجن اٹلانٹک کے تربیتی پروٹوکول کی مکمل تعمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔



