میزائل گرنے کا معاملہ: بھارتی تفتیش میں اہم پیشرفت


چند دن قبل بھارت سے ایک میزائل پاکستان کے شہر میاں چنوں کے قریب گرنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس پر پاکستان کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا اور بھارت سے تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
بھارت نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر رکھی ہیں اور اب بھارتی فضائیہ کے چار اعلیٰ عہدیداروں کو بھی ان تحقیقات میں شامل کر لیا گیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہ چاروں اعلیٰ عہدیدار حادثاتی طور پر میزائل فائر ہونے کے اس واقعے میں ملوث تھے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ تحقیقات کورٹ آف انکوائری کی طرف سے کی جا رہی ہے جو بھارتی مسلح افواج کا تحقیقاتی بورڈ ہے۔
کئی میڈیا رپورٹس میں یہ تصدیق بھی کی گئی ہے کہ زیرتفتیش چار افسران میں ایک گروپ کیپٹن بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی فضائیہ میں گروپ کیپٹن یا کمانڈنگ آفیسر چھٹا اعلیٰ ترین عہدہ ہے۔ اس سے اوپر ایئرکموڈور، ایئروائس مارشل، ایئرمارشل، ایئرچیف مارشل اور مارشل کے عہدے ہیں۔



