راہول گاندھی نااہل،قصوروار نریندر مودی کو ٹھہرادیا

بھارتی سیاست دان راہول گاندھی نے اپنی نااہلی کے پیھچے مودی کے خوف کو اہم وجہ قرار دے دیا ہے ۔
بھارتی پارلیمنٹ سے نااہل قرار دیے جانے کے اگلے ہی روز راہول گاندھی نے پریس کانفرنس میں بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو آڑے ہاتھوں لے لیا ۔
تفصیلات کے مطابق راہول گاندھی نے کہا کہ میری نااہلی کی وجہ مودی کا میری ان باتوں سے ڈر اور خوف ہے جس میں ،، میں نے مودی اور اڈانی کے گٹھ جوڑ کو بے نقاب کرنے کی بات کی تھی ، لیکن میں سوالات پوچھتا رہوں گا ۔
کانگریس رہنما کا کہنا تھا کہ مودی کو میری تقاریر سے خوف ہے، یہ خوف میں نے ان کی آنکھوں میں دیکھا ہے یہی وجہ ہےکہ پہلے گھبراہٹ طاری ہوئی پھر مجھے نااہل کردیا گیا۔
مزید تفصیلات کے مطابق راہول گاندھی نے کہا کہ میری پارلیمنٹ میں کی گئی تقریر کو حذف کیا گیا جس پر لوک سبھا کے اسپیکر کو ایک طویل خط لکھا، کچھ وزرا میرے بارے میں جھوٹ بول رہے ہیں کہ میں نے بیرونی طاقتوں سے مدد مانگی لیکن ایسا کچھ نہیں ہے، میں کبھی سوال کرنے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔
یاد رہے کہ کانگرس کے رہنما راہول گاندھی کو 23 مارچ کو سورت عدالت کی جانب سے ہتک عزت کے مقدمے میں سزا سنائے جانے کےبعد بھارت کی لوک سبھا کے رکن کے طور پر پارلیمنٹ کی جانب سے نااہل قراردیدیا گیا ۔



