زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ

آئی ایم ایف پروگرام بحالی اور سکوک بانڈ کے اجراء سے حاصل ہونے والے قرض سے زرمبادلہ کے ذخائر پر موجود دباو کم ہوگیا، زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 1.6 ارب ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 4 فروری کو ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 1.6 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں زرمبادلہ کے ذخائر کی مجموعی مالیت 23.72 ارب ڈالر کی سطح پر آگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس دوران مرکزی بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر 17.33 ارب ڈالر اور دیگر کمرشل بینکوں کے پاس موجود ذخائر 6.38 ارب ڈالر کی سطح پر آگئے ہیں۔
مرکزی بینک کے مطابق ذخائر میں اضافے کی وجہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے بعد ایک ارب ڈالر کی موصول ہونے والی قرض کی رقم ہے، اسکے علاوہ پاکستان نے عالمی مارکیٹ میں ایک ارب ڈالر کے سکوک بانڈز جاری کیے جس سے اسٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے۔
واضح گزشتہ کچھ ہفتوں سے زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل کمی دیکھنے میں آرہی تھی اور گزشتہ ہفتے بھی زرمبادلہ کے ذخائر میں 46 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے زائد کمی واقع ہوئی تھی۔ تاہم پاکستان کو حاصل ہونے والی قرض کی رقم نے زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ارب ڈالر سے زائد کا اضافہ کیا۔



