ایلون مسک کی دولت میں ایک سال کے دوران کتنی کمی آئی؟

دنیا کی امیر ترین شخصیت، ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک ایک سال کے دورانیئے میں کھربوں روپوں سے محروم بھی ہوچکے ہیں۔
فوربز میگزین کی جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق نومبر 2021 میں ایلون مسک تاریخ کے واحد شخص تھے جن کے اثاثوں کی مالیت 300 ارب ڈالرز تک پہنچ چکی تھی۔
لیکن ایک سال کے دوران وہ 100 ارب ڈالرز سے زیادہ محروم بھی ہوچکے ہیں۔
4 نومبر 2021 کو ایلون مسک کے اثاثوں کی مالیت 320.3 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی تھی مگر 20اکتوبر 2022 کو وہ 209.4 ارب ڈالرز کے مالک تھے۔
صرف اکتوبر 2022 کے دوران ہی ایلون مسک کو 28 ارب ڈالرز کا نقصان ہوچکا ہے اور آنے والے دنوں میں ان کی دولت میں مزید کمی کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اقتصادی کساد بازاری ٹیسلا کی گاڑیوں کے لیے تباہ کن ثابت ہوگی اور اس کا اثر ایلون مسک کے اثاثوں پر بھی مرتب ہوگا۔
ایلون مسک نے گزشتہ سال ٹوئٹر کو خریدنے کے لیے ٹیسلا کے 31 ارب ڈالرز مالیت کے شیئرز فروخت کیے تھے مگر یہ معاہدہ اب تک مکمل نہیں ہوسکا۔
جبکہ سرمایہ کاروں کا یہ ماننا ہے کہ ایلون مسک سوشل نیٹ ورک کے لیے بہت زیادہ ادائیگی کررہے ہیں اور اس کے لیے غیر ذمہ دارانہ طریقے سے ٹیسلا کے شیئرز فروخت کررہے ہیں۔
مگر ایلون مسک ایک سال میں 111 ارب ڈالرز سے محروم ہو جانے کے بعد بھی دنیا کی امیر ترین شخصیت ہیں۔
اور اب بھی دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص برنارڈ آرنلٹ سے 60 ارب جبکہ ایمازون کے بانی جیف بیزوس سے 71 ارب ڈالرز زیادہ اثاثوں کے مالک ہیں۔



