پرندوں کےلئے پانی کےانتظامات ، سوشل میڈیا پر مہم چل پڑی

کراچی روشنیوں کا شہر ہونے کے ساتھ ساتھ انسانیت کا شہر بھی کہلایا جاتا ہے ۔اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اہلِ کراچی میں انسانیت کا جذبہ انتہاء کا پایا جاتا ہے ۔پاکستان بھر میں سب سے زیادہ فنڈ، فطرہ، خیرات اسی شہر سے جمع ہوتا ہے ۔ کسی بھی فلاحی ادارے یا انسانی حقوق کی تنظیم کو چندے کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ کراچی کا رخ کرتے ہیں کیونکہ یہاں ہزاروں لاکھوں بلکہ کروڑوں روپیہ چندہ جمع ہوجاتاہے ۔
اگرچہ شہر کراچی اپنے ہی بیشمار مسائل میں گھرا ہوا ایک لاوارث شہر ہے ۔جس کے مکین اکثیرت میں مالی طور پر زیادہ مستحکم یا دولت مند نہیں مگر اس کے باجود عیدالاضحیٰ ، یوم آذادی سمیت کسی بھی خاص قومی یا مذہبی تہوار یا قومی دن پر سب سے زیادہ ریکارڈ کاروبار اسی شہر میں ہوتاہے ۔

آج کل شہر میں شدید گرمی کا راج ہے اور موسم کے تیور بھی کچھ ٹھیک نہیں ، آگ برساتا سورج ایک جانب شہریوں کا گلا خشک اور بےحال کررہا ہے وہیں بےزبان جانور بھی اس گرمی کے قہر سے پریشان ہیں۔ کئی نازک پرندے تو پانی نہ ملنے اور گرمی لگنے سے موت کا شکار ہوچکےہیں ۔

اسی صورت حال کو مدِنظر رکھتے ہوئے کراچی کے شہریوں کی جانب سے اپنے جذبہ انسانیت کے تحت اپنے اپنے گھروں ، دکانوں اور عمارتوں کے باہر اور چھتوں پر پرندوں کےلئے پانی کے انتظامات کئے جارہےہیں ۔
کراچی کے نوجوانوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک مہم چلائی گئی جس میں تمام اہلِ کراچی سے درخواست کی گئی کہ اپنے گھروں کے باہر گلی محلوں میں بلّی، کتوں اور دیگر آزاد جانوروں کےلئے برتن میں پانی بھر کے رکھیں تاکہ اللہ کی اس مخلوق کو پانی کی پیاس بجھانے میں آسانی ہو ۔ جبکہ چڑیوں ، کبوتروں اور دیگر پرندوں کی سہولت کےلئے چھتوں پر پانی کےانتظامات کئے جائیں۔
سوشل میڈیا پر یہ مہم دیکھتے ہی دیکھتے مقبول ہوتی چلی گئی اور اہلیانِ کراچی اس مہم کا حصہ بنتے گئے ۔ فیسبک پر شہری اپنے کئے گئےانتظامات کی تصاویر شیئر کررہے ہیں جس کے باعث یہ مہم مزید بڑھ رہی ہے ۔
کراچی کےلئے ایک جملہ کہا جاتا ہے کہ “یہاں کوئی بھوکا نہیں سوتا” اور واقعی یہ بات سچ ہے کہ انسان تو انسان جانور بھی اس شہر میں بھوکے نہیں سوتے ۔
مختلف چورنگیوں پر تو پرندوں کےلئے دانا ڈالنے کا رواج پہلے ہی اس شہر میں عام تھا جبکہ گوشت کے دکاندار اپنے لائے گئے گوشت میں سے چیل کوّں کو روزانہ کی بنیاد پر کھانا ڈالتے ہیں اب لوگوں نے انفرادی طور پر اپنے گھروں میں اللہ کی ان مخلوق کے لئے کھانے پینے کے انتظامات کرنا شروع کردئیے جو کہ کراچی والوں کے جذبہ انسانیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔



