کراچی آتے ہی جاوید کی نہاری اور غفار کے کباب کھائوں گا، مفتاح اسماعیل

ڈالرکی پروازروکنے میں ناکامی کے باعث تنقید کا نشانہ بنائے جانے والے مفتاح اسماعیل اپنی وزرات واپس لیے جانے کے بعد فی الحال سیاسی ذمہ داریوں سے آزاد ہیں۔
پاکستانی وزارت خزانہ کا قلمدان مفتاح کے بجائے ڈالرسے نبٹنے کی مہارت رکھنے والے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو دے دیا گیا ہے جو 5 سال کے بعد گزشتہ رات وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ لندن سے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔
یہ منصب واپس لینے والی ن لیگی قیادت نے تو فی الحال یہ واضح نہیں کیاکہ مفتاح اسماعیل کو اگلا مشن کون سا سونپا جائے گا تاہم انہوں نے خود ضرور سوچ لیا ہے کہ کندھوں سے بھاری ذمہ داریوں کا بوجھ سرکنے کے بعد سب سے پہلے کیا کرنا ہے۔
ٹوئٹرصارف نے روایتی سوالات کے بجائے مفتاح سے پوچھا کہ کراچی جانے کے بعد وہ کون سا ریسٹورنٹ ہے جہاں آپ سب سے پہلے جائیں گے؟۔
مفتاح کے مطابق وہ سب سے پہلے زاہد، جاوید اور ادریس کی نہاری، غفار کے کباب، کھانے جائیں گے جبکہ کراچی کا مشہور دھوراجی کا گولا گنڈا بھی سرفہرست ہے۔
انہوں نے لکھا، ”خوش قسمتی سے بہت سی چوائسزہیں“۔



