نایاب نسل کی بھیڑ جس کی قیمت اور سائز آپ کے ہوش اڑا دیں گے


مغربی افریقہ کے ملک سینیگال میں “لادوم ” نامی ایک بھیڑ پائی جاتی ہےجسے مقامی طور پر “کنگ آف شیپ” یعنی بھڑوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے۔
اس بھیڑ کی قیمت بہت زیادہ ہے جو 85 ہزار ڈالرز سے بھی زائد ہوسکتی ہے، اتنی رقم میں لگژری کار مل جاتی ہے۔
سینیگال میں اسے اعلیٰ سماجی مرتبے وحیثیت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
بھیڑ کی یہ نایاب نسل دراصل ماریطانیہ کے توابیر اور مالی کی بالی نسل کے ملاپ سے تیار کی گئی اور ایسا پہلی بار سینیگال کے صدر مقام ڈاکار سے باہر 1970 کے عشرے کے اوائل میں کیا گیا۔
لادوم نسل کا یہ بھیڑ سینیگال میں حیرت انگیز طور پر کافی مشہور ہے اور وہاں کے متمول خاندان اور افزائش نسل کرنے والے اس پر کافی رقم خرچ کرتے ہیں۔
اس کے باوجود اسے رکھنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں۔
ایک ایسے ملک میں جہاں 40 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے رہتی ہو، وہاں بعض افراد ایک بھیڑ رکھنے کے لیے بھی ہزاروں ڈالرز خرچ کرتے ہیں۔
تنومند اور بڑے جثے کے حامل ان بھیڑوں کی کھال نرم و شفاف اور سینگ گھومی ہوئی ہوتی ہے، جبکہ ان کی اونچائی ایک اعشاریہ دو میٹرز اور وزن 175 کلوگرام تک ہوتا ہے۔ ان کا گوشت نہایت ہی لذیذ بتایا جاتا ہے۔



