باورچی خانے میں موجود کچھ چیزیں جو بجلی کے بل میں ہوشربا اضافے کا باعث بنتی ہیں


باورچی خانے میں بجلی کے کچھ ایسے آلات استعمال ہوتے ہیں جو بجلی کے بل میں سب سے زیادہ اضافے کا سبب بنتے ہیں، تاہم انہیں اگر ہوشمندی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو بجلی کی کھپت کم کی جا سکتی ہیں۔
ان اشیاء میں ٹمبل ڈرائیرز، فریزر، ڈش واشر، اوون، واشنگ مشین، ایکسٹریکٹر فین، کیتلی، اور فریج شامل ہیں۔
اگر گرمی کے موسم میں کپڑوں کو ڈرائیر میں سکھانے کی بجائے باہر دھوپ میں لٹکا کر سکھایا جائے اور فریزر میں کھانا ٹھنڈا ہونے کے بعد رکھا جائے تو بجلی کی کھپت میں بہت زیادہ کمی لائی جا سکتی ہے۔
اسی طرح ڈش واشر میں برتن دھونے کے لیے پہلے برتن جمع ہو لینے دیں اور ایک ہی بار ڈش واشر میں ڈالیں اور اسے ایکو سیٹنگ پر چلائیں تو اس میں بھی بجلی بچائی جا سکتی ہے۔
اوون میں کھانا پکنے سے چند منٹ پہلے اوون کو بند کر دینا چاہیے۔ اس طرح کھانا اوون میں موجود حدت سے پک جائے گا اور بجلی کی بھی بچت ہو گی۔
واشنگ مشین میں بھی اس کی گنجائش کے مطابق بھر کر کپڑے دھوئیں۔ کم کپڑے ڈال کر واشنگ مشین چلانا بھی بجلی کے زیاں کا سبب بنتا ہے۔
اکثر گھر میں ایکسٹریکٹر فینز ہمہ وقت چلتے رہتے ہیں حالانکہ انہیں پانچ سے 10 منٹ چلانا کچن سے کھانے کی بو وغیرہ کو نکالنے کے لیے کافی ہوتا ہے۔
کیتلی میں اتنا ہی پانی ڈال کر گرم کرنا چاہیے جتنی ضرورت ہے۔ کیتلی میں پانی جتنا زیادہ ہوتا ہے بجلی بھی اتنی ہی زیادہ خرچ ہوتی ہے اور گرم ہونے والا اضافی پانی ضائع ہوجاتا ہے۔
اگر آپ کے گھر میں کوئی پارٹی ہے اور آپ کو ڈرنکس ٹھنڈے کرنے کے لیے اضافی فریج کی ضرورت پڑ گئی ہے تو بہتر ہو گا کہ آپ فریج کی بجائے کسی بالٹی میں برف ڈال کر مشروبات کو ٹھنڈا کر لیں۔ تاہم اگر فریج ہی استعمال کرنا ہے تو مشروبات ٹھنڈے ہونے تک ہی چلائیں اور پھر بند کر دیں۔



