دنیا کے معروف ترین "لوگو" کی دلچسپ کہانی


کولمبیا پکچرز کی ہر فلم کے آغاز میں ایک خاتون کو مشعل تھامے دکھایا جاتا ہے۔ دنیا بھر میں یہ لوگو جانا پہچانا ہے, مگر بہت کم افراد کو معلوم ہے کہ یہ تصویر کیسے لی گئی اور اس میں موجود ماڈل کون ہے۔
اس لوگو کی تیار کرنے کے لیے تصویر پلٹرز پرائز جیتنے والی امریکی فوٹوگرافر کیتھی اینڈرسن نے 1991 میں کھینچی تھی۔
لوگو کی تیاری کا آغاز اس وقت ہوا جب 1989 میں سونی نے کولمبیا پکچرز کو خریدا اور پرانے لوگو کو نئی شکل دینے کے لیے کولمبیا پکچرز نے ڈاک ٹکٹ ڈیزائن کرنے والے مائیکل ڈیاز کی خدمات حاصل کیں۔
مائیکل جے ڈیاز نے اپنی دوست فوٹوگرافر کیتھی اینڈرسن سے اس مقصد کے لیے فوٹوشوٹ کرنے کی درخواست کی۔
کیتھی کو اس وقت اندازہ نہیں تھا کہ ان کا یہ فوٹو شوٹ کیسے دنیا بھر میں مشہور ہوجائے گا اور آرٹ ورک کی حیثیت اختیار کرلے گا۔
انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ‘مائیکل کے ذہن میں ایک خیال تھا اور اس کے مطابق میں نے ایسی روشنی تیار کی جو میٹریل کے ہر حصے کو جگمگانے کے ساتھ ماڈل کو نمایاں کرے۔
اس کے لیے ماڈل کا انتخاب اتفاقاً ہوا کیونکہ جینیفر جوزف نامی خاتون ماڈل نہیں تھیں اور مائیکل ڈیاز نے اچانک فوٹوگرافر کی ساتھی سے ماڈل بننے کی درخواست کی تھی۔
یہ فوٹو شوٹ ایک اپارٹمنٹ کے چھوٹے سے کمرے میں سادہ سامان کے ساتھ ہوا تھا۔
فوٹو شوٹ کے دن مائیکل ڈیاز اس تصویر کے لیے چند شیٹس اور ایک چھوٹے لیمپ کو لے کر پہنچے جس پر بلب لگا ہوا تھا اور دیکھنے میں کسی مشعل کی طرح نظر آتا تھا۔
پہلے کولمبیا پکچرز کے لوگو میں جس لوگو کو دکھایا جاتا تھا اس میں خاتون نے سفید لباس پر امریکی پرچم لپیٹا ہوا ہوتا تھا مگر مائیکل ڈیاز نے پرچم کو نیلے رنگ کے کپڑے سے بدل دیا۔
شروع میں کیتھی اینڈرسن نے پولورائیڈ کیمرے سے ٹیسٹ فوٹوز لیں۔
جینیفر جوزف کو جو لباس پہنایا گیا درحقیقت لباس تھا ہی نہیں بلکہ بستر کی ایک چادر تھی جسے بار بار ٹھیک کرنا پڑتا۔
اس چادر کے اوپر ایک نیلے رنگ کے کپڑے کو بائیں سے دائیں جانب لٹکایا گیا اور 4 گھنٹے میں جاکر فوٹو شوٹ مکمل ہوا۔یہاں تک کہ ماڈل تھک کر بیٹھ گئی تو وہ تصویر بھی کیتھی اینڈرسن نے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرلی۔
تو اب جو تصویر آپ کے سامنے آتی ہے اس میں خاتون کے ہاتھ میں جو مشعل موجود ہے وہ درحقیقت ایک لیمپ تھا مگر فوٹو کو حتمی شکل دینے کے مرحلے میں اسے پینٹنگ میں تبدیل کیا گیا جس میں وہ لیمپ مشعل میں تبدیل کردیا گیا۔
1992 سے اس تصویر مبنی لوگو کو کولمبیا پکچرز کی جانب سے استعمال کیا جارہا ہے۔



