شہری اپنا فضلہ کمپنی کو دیں اور ماہانہ دو لاکھ روپے حاصل کریں

ایک امریکی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اگر کوئی شہری جسے کوئی بیماری نہ ہو وہ اپنا ذاتی فضلہ دے سکتا ہے اس کی بدولت اسے 2 لاکھ روپے مہینہ ملیں گے۔
خبروں کے مطابق، میساچیوسٹس کی بایوٹیکنالوجی کمپنی ’’سیرس تھراپیوٹکس‘‘ نے ’’گڈ نیچر‘‘ کے نام سے ایک نئے تحقیقی منصوبے پر کام شروع کیا ہے جس میں ’’کلوسٹریڈیئم ڈیفیسائل‘‘ (Clostridium difficile) نامی جرثومے سے ہونے والے ہیضے کا بہتر علاج ڈھونڈنے کےلیے تحقیق کی جائے گی۔
گڈ نیچر پروگرام میں 18 سے 50 سال عمر کے ایسے افراد شریک کیے جائیں گے جن کا ہاضمہ بالکل ٹھیک ہو، جن کا وزن نارمل ہو، جو سگریٹ نہ پیتے ہوں، منشیات کے عادی نہ ہوں، شراب نوشی نہ کرتے ہوں، جنہیں لمبے عرصے تک آنتوں اور پیٹ کی کوئی بیماری نہ رہی ہو، اور اگر وہ کوئی خاتون ہوں تو وہ حاملہ بھی نہ ہو۔
منتخب رضاکاروں کو روزانہ یا بتائے گئے دورانیے کے مطابق اپنا ٹھوس فضلہ (پاخانہ) اس کمپنی کو فراہم کرنا ہوگا، جس کے بدلے میں انہیں اوسطاً 1,200 ڈالر ماہانہ معاوضہ دیا جائے گا جو زیادہ سے زیادہ 1,500 ڈالر ماہانہ تک ہوسکتا ہے۔
سیرس تھراپیوٹکس کا کہنا ہے کہ اب تک 150 افراد ان کے پاس درخواستیں جمع کروا چکے ہیں جن کا مختلف پہلوؤں سے معائنہ کیا جارہا ہے تاکہ اس منصوبے میں شرکت کےلیے ان کے موزوں ترین ہونے کا تعین کیا جاسکے۔



