
قومی ادارہ صحت نے دنیا میں پھیلتی نئی وبا منکی پاکس کے پیش نظر پاکستان میں بھی ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے ’منکی پاکس‘ کے کیسز مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کرنے کے بعد پاکستان کے قومی ادارہ برائے صحت نے بھی منکی پاکس کے حوالے سے ملک بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
قومی ادارہ برائے صحت کی جانب سے ملک کے تمام داخلی راستوں بشمول ایئرپورٹس پر مسافروں کی نگرانی کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
قومی ادارہ برائے صحت نے وفاقی اور صوبائی حکام کو منکی پاکس کے مشتبہ کیسز کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ملک بھر کے بڑے سرکاری اور نجی ہسپتالوں کو بھی آئسولیشن وارڈ قائم کرنے کے لیے تیار رکھا جائے۔
گزشتہ روزجاری ایک بیان میں قومی ادارہ برائے صحت نے ملک کے ہسپتالوں میں موجود طبی عملے کو منکی پاکس کے مشتبہ مریضوں سے احتیاط سے پیش آنے کا مشورہ دیا ہے۔
خیال رہے کہ منکی پاکس ایک نایاب وائرل انفیکشن ہے جو عام طور تھوڑی کم شدت کا ہوتا ہے جس سے زیادہ تر لوگ چند ہفتوں میں ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ وائرس لوگوں کے درمیان آسانی سے نہیں پھیلتا اور وسیع تر عوام کے لئے اس کا خطرہ کم ہے۔ یہ بیماری وسطی اور مغربی افریقہ کے دور دراز علاقوں میں سب سے زیادہ پائی جاتی ہے۔



