
لاہور: پاکستان کے معروف لوک گلوکار عطا اللّٰہ خان عیسیٰ خیلوی کی بیٹی، پاکستانی ویژیول آرٹسٹ لاریب عطا نے ہالی ووڈ میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرل ی۔لاریب عطا نے بڑے بجٹ والی مارول سنیمیٹک یونیورس کی مشہور فلم ’ڈاکٹر اسٹرینج‘ کے لیے بطور ’ویژیول ایفیکٹس آرٹسٹ‘ کام کیا ہے۔


اس حوالے سے لاریب عطا کے بھائی، میوزیشن سانول عطا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر لاریب کے ہمراہ اپنی ایک سیلفی اور فلم ’ڈاکٹر اسٹرینج‘ کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ خاتون کامیابی سے آگے بڑھنے سے کبھی نہیں رُکتی!‘ اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’میری بہن نے دوبارہ ایک بلاک بسٹر فلم پر کام کیا۔

‘ہالی ووڈ جیسی معروف اور وسیع انڈسٹری کے کسی بھی شعبے میں اپنی صلاحیتیں دکھانا اور منوانا بہت ہی مشکل کام ہے، ایسے میں لاریب عطا کا بطور ’ویژیول ایفیکٹس آرٹسٹ‘ دنیا کی نامی گرامی فلم انڈسٹری کا حصّہ بننا پاکستان کے لیے فخر کی بات ہے۔

خیال رہے کہ لاریب عطا اس سے پہلے بھی 2006 سے اب تک کئی مشہور اشتہارات اور ٹیلی وژن سیریزمیں اپنی فنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں۔ اس کے علاوہ ہالی ووڈ فلم ’گوڈزیلا‘، ’ایکس مین ڈیز آف دا فیوچر پاسٹ‘، ’مشن امپاسبل: فال آؤٹ ‘ اور ’نو ٹائم ٹو ڈائی‘ کے لیے بھی کام کرچکی ہیں۔

یہ ہی نہیں جیمز بانڈ سیریز کی فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائی‘ کے لیے لاریب عطا کی ٹیم کو اکیڈمی ایوارڈز اور بافٹا ایوارڈز 2022 کے لیے’بہترین اسپیشل ویڑول ایفیکٹس‘ کی کیٹیگری میں نامزد بھی کیا گیا تھا۔



