
پاکستان کے 3 بار وزیراعظم رہنے والے میاں نوازشریف کے چھوٹے بھائی اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہبازشریف وزارت عظمیٰ کے عہدے پر پہنچ گئے ۔


خادم اعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے ہیٹ ٹرک کرنے والے شہبازشریف نے 7 مرتبہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن جیتے۔ وہ بہترین ایڈمنسٹریٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے عملی سیاست کا آغاز 1988 میں لاہور سےایم پی اے کا الیکشن جیت کر کیا۔ 1990 سے 93 تک قومی اسمبلی کےرکن رہے ۔ 1993 میں پنجاب اسمبلی کے رکن بنے اور 1996 تک اپوزیشن لیڈر رہے.

1997 میں شہبازشریف پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور پہلی بار وزیراعلیٰ کے منصب پر فائز ہوئے۔ 1999 میں فوجی مداخلت کےسبب پی ایم ایل این کی حکومت ختم کر دی گئی ۔ نوازشریف کے ساتھ انہیں بھی قید اور بعد میں جلاوطن کر دیا گیا۔
سنہ 2007 میں وطن واپسی کے بعد شہبازشریف 2008 کے الیکشن کے بعد دوسری مرتبہ وزیراعلیٰ پنجاب بنے ۔ مئی 2013 کےعام انتخابات میں پی ایم ایل این پھر اقتدار میں آئی شہبازشریف کو تیسری مرتبہ وزیراعلیٰ پنجاب کی کرسی سونپی گئی۔
شہبازشریف 2018 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، عمران خان کے مقابلے میں وزیراعظم کا انتخاب ہار گئے اور اپوزیشن لیڈر نامزد ہوئے ۔
عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونےکے بعد شہبازشریف کو اکثریتی اتحاد نے وزیراعظم کا امیدوار نامزد کیا تھا۔ شہبازشریف ایک متحرک لیڈر اور بہترین ایڈمنسٹریٹر کی شہرت رکھتے ہیں۔



