
کراچی: پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی کی جانب سے ایف آئی اے کے سائبر کرائم سیل میں اداکارہ و ٹی وی میزبان نادیہ خان کے خلاف دائر کیے گئے ہتکِ عزت نوٹس میں اداکارہ نادیہ خان کے حق میں فیصلہ آگیا ۔
اداکارہ نادیہ خان کی جانب سے ہتک عزت نوٹس میں اپنے حق میں فیصلہ آنے کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا گیا ہے۔
ناد یہ خان نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ہیڈ آف ایف آئی اے سائبر کرائم سیل، ریاض عمران کی ایک ویڈیو اپ لوڈ کی ہے۔
اس ویڈیو میں ریاض عمران نادیہ خان کے خلاف کیس کے فیصلے سے متعلق بات کر رہے ہیں۔
نادیہ خان نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں اللّٰہ کا شکر ادا کیا اور ساتھ ہی لکھا ہے کہ ’ہمیشہ سچ کی جیت ہوتی ہے، آپ سب کی حوصلہ افزائی اور ساتھ دینے کا شکریہ‘‘۔‘
انہوں نے ہیڈ آف ایف آئی اے سائبر کرائم ریاض عمران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’ایماندار اور منصفانہ رہنے کے لیے آپ کا بھی بہت شکریہ۔‘
واضح رہے کہ ہتک عزت نوٹس میں ایف آئی اے کی جانب سے شرمیلا فاروقی کی جانب سے نادیہ خان پر لگائے گئے الزامات پر کارروائی کرتے ہوئے نادیہ خان کو باعزت بری کر دیا گیا ہے۔



