
پی ایس ایل 7 میں آج ناقابل شکست ملتان سلطانز کا مقابلہ میزبان ٹیم لاہور قلندرز سے ہوگا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 کے دوسرے مرحلے کے میچز جاری ہیں جس میں آج ملتان سلطانز کا مقابلہ میزبان ٹیم لاہور قلندرز سے ہوگا۔
ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کے درمیان پی ایس ایل 7 کا سترہواں مقابلہ آج شام 7:30 بجے کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملتان سلطانز کو ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ ملتان سلطانز ایونٹ میں اب تک 6 میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر بھی سرفہرست ہے۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل 7 کے پہلے مرحلے کے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
دوسری جانب گذشتہ روز ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان ہونے والے میچ میں بھی ملتان سلطانز نے پشاور کو 42 رنز سے شکست دی ہے۔



