وینس: جیف بیزوس اور لورین سانچز کی پرتعیش شادی کی تیاریاں جاری

وینس میں جیف بیزوس اور لورین سانچز کی پُرتعیش شادی کی تیاریاں عروج پر ہیں۔
ایمیزون کے بانی جیف بیزوس اور سابق نیوز اینکر و پائلٹ لورین سانچز کی شادی اس ہفتے وینس میں منعقد ہونے جا رہی ہے، جسے انتہائی پُرتعیش شادی قرار دیا جا رہا ہے۔
تقریب کی مکمل تفصیلات راز میں رکھی گئی ہیں اور مہمانوں سے سخت این ڈی اے پر دستخط کروائے گئے ہیں۔ شادی میں 200 سے زائد مہمانوں کی شرکت متوقع ہے، جس میں سیاسی رہنما، ہالی ووڈ اسٹارز اور عالمی بزنس ٹائیکونز شامل ہوں گے، مہمانوں کی فہرست میں کم کارڈیشین اور ایوانکا ٹرمپ جیسے بڑے نام شامل ہیں۔
شادی کے لیے وینس کی تاریخی عمارات اور عالی شان ہوٹلز جیسے مقامات زیر غور ہیں، تقریب کے لیے 30 واٹر ٹیکسیاں، ولاز اور شہر کے 9 یاٹ پورٹس پہلے سے ریزرو کیے جا چکے ہیں۔
بیزوس کا 500 ملین ڈالر کا یاٹ کروو اور سیکیورٹی یاٹ ایل ابیونا بھی بحیرہ ایڈریاٹک پہنچ چکے ہیں۔



