انٹر نیشنلاہم خبریں

وزٹ ویزا پر عمرہ کرنے والے خواہشمندوں کیلئے نئی ہدایت جاری

سعودی عرب کی جانب سے وزٹ ویزا پر عمرہ کرنے کے خواہشمندوں کیلئے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وزیٹرز کو ’نسک پلیٹ فارم‘ سے اپنا عمرہ پرمٹ الگ سے جاری کرانا ہوگا۔
سعودی عرب کے ’اخبار 24‘ کے مطابق وزٹ ویزے پر مملکت آنے والوں کے حوالے سے نئی ہدایت سامنے آئی ہیں، جن میں وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ وزٹ ویزے پرآنے والوں کاعمرہ پرمٹ میں ڈیپینڈنٹ ’مرافق‘ کے طورپرجاری نہیں کرایا جاسکتا، اس لیے افراد جو اپنے عزیزوں کوزیارت کے ویزا پربلاتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ ان کے لیےعمرہ کرنے یا روضہ رسول ﷺ کی زیارت کے لیے ’نسک‘ پلیٹ فارم سے جدا پرمٹ جاری کرائیں۔

اس ضمن میں وزارت حج وعمرہ نے مزید کہا ہے کہ نسک پلیٹ فارم کے ذریعے وزٹ ویزے پرآنے والوں کو بھی اکاؤنٹ بنانے کی سہولت فراہم کی ہے جس کے ذریعے وہ اپنے لیے عمرہ یا مسجد نبوی کی زیارت کے لیے باسانی پرمٹ جاری کراسکتے ہیں۔

سعودی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزات کی ویب سائٹ اور ’نسک‘ پلیٹ فارم کے ذریعے عمرہ زائرین کی آمد آسان ہو گئی ہے جس کے باعث رواں سال کے دوران اب تک دنیا بھر کے زائرین کے لیے 40 لاکھ عمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں۔

وزارت کا کہنا ہے کہ عمرے کی ادائیگی کو آسان بنانے کے لیے معیاری سہولتوں کے علاوہ زائرین کو ثقافتی اور دینی معلومات بھی فراہم کی جا رہی ہیں، جس کے تحت دنیا بھر سے عمرہ زائرین اب آن لائن عمرہ ویزا حاصل کر سکتے ہیں، عمرہ پیکیج ’نسک‘ اور ’مقام‘ پلیٹ فارم کے توسط سے حاصل کیا جا سکتا ہے، نجی، وزٹ اور سیاحتی ویزوں پر آنے والے زائرین کو عمرے کی ادائیگی، مسجد نبوی کی زیارت اور ریاض الجنہ میں نماز ادا کرنے کی سہولت ہے، اس مقصد کے لیے نسک ایپ کے ذریعے بکنگ کرائی جا سکتی ہے۔

اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ زائرین کی سہولت کے لیے عمرے کے ویزے کا دورانیہ 30 دن سے بڑھا کر 90 دن کرد یا گیا ہے جس کے بعد سے عمرہ ویزے کی مدت 90 روز ہوتی ہے اور عمرہ ویزہ کی مدت میں توسیع نہیں کی جاسکتی، مقررہ مدت کے دوران عمرہ ویزہ ہولڈر مملکت میں قیام کرنے کا اہل ہوتا ہے تاہم 90 روزہ عمرہ ویزے کی مدت میں مزید توسیع نہیں کرائی جاسکتی۔ وزارت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پرمٹ کے حصول سے قبل اس بات کی یقین دہانی کی جائے کہ عمرہ زائرکورونا میں مبتلا نہ ہواورنہ ہی مکہ مکرمہ آنے سے قبل وہ مصدقہ کورونا میں مبتلا کسی شخص سے ملا ہو، اندرون مملکت سے عمرہ کے لیے آنے والوں کے پرمٹ کے لیے عمرکی کم ازکم حد 5 برس مقرر کی گئی ہے تاہم اس سے کم عمرکے بچے اپنے والدین کے ہمراہ بغیرپرمٹ کے مسجد الحرام آسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button