نظامِ شمسی کے دو سیارے جہاں 24 گھنٹے ہیروں کی بارش ہوتی ہے


ہیرا ہمارے سیارے زمین کا قیمتی ترین پتھر ہے، لیکن ہمارے نظام شمسی کے دو سیارے ایسے ہیں جہاں اس کی کوئی اوقات نہیں، کیونکہ وہاں ہیروں کی بارش ہوتی ہے۔
یہ دو سیارے مشتری اور زحل ہیں۔ امریکی سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ان سیاروں پر بجلی کڑکنے سے میتھین گیس کاربن میں بدل جاتی ہے اور یہ کاربن سیارے کی سطح کی طرف گرنا شروع کر دیتا ہے۔
سائنس دانوں کے مطابق جوں جوں یہ کاربن سیارے کی سطح کے قریب پہنچتا ہے، سخت کنکروں کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔
جب کاربن کے یہ سخت کنکر ان سیاروں کی سطح پر موجود گریفائٹ میں گرتے ہیں تو ہیروں میں تبدیل ہو جاتے ہیں اور بالآخر ایک مائع سمندر میں گھل جاتے ہیں۔
یونیورسٹی آف وسکانسن میڈیسن کے ڈاکٹر کیوین بینز کا کہنا ہے کہ زحل اور مشتری پر برسنے والے ان ہیروں کا قطر تقریباً ایک سینٹی میٹر کے لگ بھگ ہوتا ہے جو ایک انگوٹھی میں جڑے جانے والے نگینے کے برابر ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان دونوں سیاروں پر سالانہ ایک ہزار ٹن سے زائد ہیرے اس پراسیس کے ساتھ پیدا ہو رہے ہیں۔ تاہم ہم میں سے کوئی وہاں جا کر ان ہیروں کا مشاہدہ نہیں کر سکتا کیونکہ ان سیاروں پر ہمارا زندہ رہنا ممکن نہیں ہے۔



