کیا گاڑی کا اے سی واقعی زیادہ ایندھن خرچ ہونے کا باعث بنتا ہے؟


عمومی خیال یہ ہے کہ گاڑی کا ائیر کنڈیشن (اے سی) چلتا ہے تو ایندھن زیادہ خرچ ہوتا ہے۔
یہ خیال درست تو ہے مگر پوری طرح نہیں، کیونکہ ایک طرف اے سی پیٹرول یا ڈیزل کی کھپت میں اضافے کا سبب بنتا ہے تو وہیں ایک صورتحال ایسی بھی ہے جس میں ایسی کار کے ایندھن میں بچت کا سبب بھی بنتا ہے۔
سوال و جواب کی ویب سائٹ ’Quora‘ پر ایک ماہر نے اس پیچیدہ صورتحال کو کچھ اس انداز میں واضح کیا ہے کہ اگر کار 35 میل (تقریباً 56 کلو میٹر) فی گھنٹہ یا اس سے کم رفتار پر چل رہی ہے یا ٹریفک سگنل پر کھڑی ہے تو اس کا اے سی چالو رکھنے سے اضافی ایندھن خرچ ہو گا۔
ڈین ہف نامی ماہر بتاتے ہیں کہ کار کے ایک اے سی کو چلنے کے لیے 4 ہارس پاور طاقت کی ضرورت ہوتی ہے جو یقیناً تیل کے جلنے سے ہی اے سی کو ملتی ہے۔
تاہم اگر کار 35 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز چل رہی ہے، بالخصوص اگر کار ہائی وے پر دوڑ رہی ہے تو اس کا اے سی الٹا ایندھن میں بچت کا سبب بنتا ہے۔
اس کا سبب بتاتے ہوئے ڈین ہف کہتے ہیں کہ اگر آپ اے سی نہیں چلائیں گے تو آپ کو کار کی کھڑکیوں کے شیشے کھلے رکھنے پڑیں گے، جس سے تیز رفتاری کے سبب ہوا گاڑی کے اندر آئے گی اور گاڑی کے انجن کو بند شیشوں کی نسبت بہت زیادہ زور لگانا پڑے گا جس کے نتیجے میں ایندھن زیادہ خرچ ہو گا۔ اس صورت میں اگر آپ اے سی چلا کر شیشے بند رکھتے ہیں تو تیل کا خرچ نسبتاً کم ہو گا۔



