اینڈرائیڈ سے بھی سستا آئی فون متعارف کرا دیا گیا


موبائل فون انڈسٹری میں مقابلے کا رجحان جاری ہے، جسے مدنظر رکھتے ہوئے معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنا اب تک کا سب سے سستا آئی فون متعارف کرادیا ہے۔
ایپل نے اس فون کو “iPhone SE3” کا نام دیا ہے۔ جس میں پلاسٹک کی جگہ ری سائیکل میٹریل کا استعمال کیا گیا ہے۔
فرنٹ اور عقبی حصے پر مضبوط گلاس کے ساتھ 4.7 انچ اسکرین نصب کی گئی ہے، جبکہ تھرڈ جنریشن آئی فون ایس ای ماڈل کا ڈیزائن آئی فون 8 جیسا ہے۔
اس میں A-15 بایونک فائیو جی چپ سیٹ دیا گیا ہے، بالکل یہی چپ سیٹ ایپل نے آئی فون 13 اور آئی فون 13 پرو میں بھی استعمال کیا تھا۔ یہ چپ سیٹ آئی فون 13 سیریز میں کم بیٹری استعمال کرتے ہوئے گیمنگ میں بہترین کارگردگی کا مظاہرہ کر چکا ہے۔
نئے موبائل فون کو ٹچ آئی ڈی کے ساتھ ہوم بٹن، بہترین بیٹری لائف کے ساتھ فائیو جی ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا۔
بارہ میگا پکسلز کیمرے کے ساتھ تمام تر جزئیات کے ساتھ عکس بندی کے لیے اسمارٹ ایچ ڈی اور ڈیپ، فیوژن، آپٹیمائزیشن دی گئی ہے۔
فور کور جی پی یو کے ساتھ یہ آئی فون 8 سے دو گنا زیادہ تیز ہے، اس کے علاوہ اس آئی فون میں 4 جی بی ریم کے ساتھ 64 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔
مڈنائٹ بلیو، اسٹار لائٹ وائٹ اور پراڈکٹ ریڈ رنگ اسے خوبصورتی کے ساتھ ساتھ بہترین کارکردگی بھی عطا کرتے ہیں۔
امریکی ریاست کیلی فورنیا کے ایپل پارک کیمپس میں اسٹیو جابز تھیٹرمیں منعقد ہونے والی تقریب میں آئی فون ایس ای کے نام سے پیش کیے گئے اس فائیو جی فون کی قیمت 429 ڈالر( 76 ہزار پاکستانی) رکھی گئی ہے، جوکہ موجود ایس ای ماڈل سے صرف 30 ڈالر زائد ہے۔



