میٹاورس میں شادی کا اعلان، دلہن کے آنجہانی والد کا بھوت بھی کرے گا شرکت


بھارت میں ایک جوڑے نے ورچوئل رئیلٹی میں شادی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق 24 سالہ دنیش شیو کمار پدماوتی نامی اس دولہے اور اس کی 23 سالہ منگیتر جناگنندھنی رام سوامی کا تعلق بھارتی ریاست تامل ناڈو سے ہے، جو میٹاورس ایونٹ کے ذریعے شادی کرنے جا رہے ہیں، جس میں دولہا دلہن اور مہمان ایک ایسی تقریب کا حصہ ہوں گے جسے صرف دیکھا اور محسوس کیا جا سکے گا، تاہم یہ تقریب حقیقت میں نہیں ہو گی۔
اس تقریب کی ایک حیران کن بات یہ بھی ہے کہ اس میں دلہن کے آنجہانی والد کا ’بھوت‘ بھی شرکت کرے گا۔
دولہا دلہن اس ورچوئل ایونٹ کے ذریعے 6 فروری 2022ء کو استقبالیہ دیں گے۔ جوڑے نے اس ایونٹ کے لیے ہیری پوٹر کے جادوئی ہوگورٹس قلعے کی تھیم کا انتخاب کیا ہے۔
دولہا دلہن اور مہمان اس تقریب کے دوران خود کو حقیقت میں اس جادوئی قلعے میں بیٹھا ہوا دیکھیں اور محسوس کریں گے۔
دنیش نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ ان کی شادی بھارت کی پہلی میٹاورس شادی ہو گی۔
اپنی پوسٹ میں دنیش نے بتایا ہے کہ انہوں نے دلہن کے آنجہانی والد کا تھری ڈی ورچوئل اوتار بھی بنوایا ہے، جو دیگر مہمانوں کی طرح اس طرح تقریب میں شریک ہو گا جیسے وہ زندہ ہو۔
بھارتی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق دنیش کی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے مہمانوں کو ’لاگ ان‘ کی تفصیلات مہیا کی جائیں گی، جن کے ذریعے وہ اس ورچوئل تقریب میں شرکت کریں گے۔
یہ تقریب ایک گھنٹے تک جاری رہے گی اور اس دوران مہمان دولہا دلہن کو تحائف بھی دے سکیں گے۔
دنیش کا کہنا ہے کہ وہ اپنی شادی پر میٹاورس کے ذریعے ہی تحائف قبول کریں گے۔ یہ تحائف گفٹ واﺅچرز، گوگل پے اور کرپٹو کرنسی کی شکل میں ہو سکتے ہیں۔



