سائنس و ٹیکنالوجی
ٹوئٹر نے سیاسی اشتہارات پر عائد پابندی ختم کر دی

ٹوئٹر نے سیاسی اشتہارات کی اشاعت پر عائد پابندی ختم کردی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئیٹر نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ امریکا میں ”کاز پر مبنی اشتہارات“ کے لیے اپنی اشتہاری پالیسی میں نرمی کریں گے اور اپنی اشتہاری پالیسی کو TV اور دیگر میڈیا آؤٹ لیٹس کے ساتھ ہم آہنگ کریں گے۔
ٹوئٹر کی یہ نئی تبدیلی فیس بک، اور یوٹیوب کی پالیسیوں سے مماثلت رکھتی ہے۔ جہاں پہلے ہی سیاسی اشتہارات کی اجازت ہے۔
ٹوئٹر کے مطابق انکے پلیٹ فارم پرایسے اشتہارات شائع ہوں گے جو اہم موضوعات پر عوامی مباحثے کے لیے ضروری ہوں گے۔
واضح رہے کہ امریکا میں ٹوئٹر کو الیکشن میں غلط معلومات پھیلانے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، جسکے بعد 2019ء میں ٹوئٹر نے سیاسی اشتہارات کی اشاعت پر پابندی عائد کی تھی۔



