کھیل

پی ایس ایل 7، کراچی میں کون کون سی سڑکیں بند کی گئی ہیں؟

کراچی ٹریفک پولیس نے پاکستان سپر لیگ کے میچز کے دوران شہر کے لیے ٹریفک پلان جاری کردیا۔

کراچی میں میچز کے دوران شائقین کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے گلشن اقبال میں یونیورسٹی روڈ پر بیت المکرم مسجد کے قریب حکیم سعید گراؤنڈ کو پارکنگ کے لیے مختص کیا گیا ہے جہاں سے شٹل سروس کے ذریعے تماشائیوں کو نیشنل اسٹیڈیم تک پہنچایا جائے گا۔

اسی طرح نیشنل کوچنگ سینٹر سے ملحقہ چائنا گراؤنڈ صرف وی آئی پی ویز کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے مختص ہوگا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق لیاقت آباد سے براستہ حسن اسکوائر فلائی اوور سے پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور یونیورسٹی روڈ سے ایکسپو ٹرننگ کی جانب سر شاہ سلیمان روڈ سے نیشنل اسٹیڈیم روڈ پر عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، تمام ٹریفک یونیورسٹی روڈ کا راستہ اختیار کرکے اپنی منزل کی جانب جاسکے گی۔

ٹریفک پولیس کا بتانا ہےکہ نیشنل اسٹیڈیم فلائی اوور بھی تمام قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گا جب کہ حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ کارساز سے اسٹیڈیم سگنل چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھلا رہے گا لیکن پبلک ٹرانسپورٹ اور ہیوی گاڑیوں کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ڈالمیا روڈ ملینئیم سے اسٹیڈیم سگنل چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھلا رہے گا، پبلک ٹرانسپورٹ اور ہیوی گاڑیوں کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ یونیورسٹی روڈ / نیو ٹاؤن ٹرننگ اسٹیڈیم سگنل چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھلا رہے گا۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہےکہ شہری گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو کسی سروس روڈ یا مین روڈ پر کھڑی نہ کریں۔

دوسری جانب اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ تماشائیوں کو اپنا قومی کارڈ لازمی رکھنا ہوگا، لمبی قطاروں میں انتظار سے بچنے کے لیے اسٹیڈیم میں وقت سے پہلے پہنچیں، 12 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیےکورونا ویکسینیشن لازمی ہے۔

جاری اعلامیے کے مطابق اسٹیڈیم میں داخلے سے پہلے شائقین کو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا جبکہ داخلے کے وقت ماسک پہننا لازمی ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button