کوہلی اور سہیل خان کے درمیان لڑائی کیوں ہوئی تھی؟

پاکستانی فاسٹ بولر سہیل خان نے حال ہی میں بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سے 2015 کے ورلڈکپ میں ہونے والی تکرار کے پیچھے کی کہانی سنائی ۔
مشہور یوٹیوبر نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سہیل خان نے لڑائی کی کہانی بتاتے ہوئے کہا کہ ‘ویرات کوہلی ایک بہت بڑا نام ہے، برانڈ ہے، وہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے لیکن اگر کوئی کرکٹ کے میدان میں میری ذات پر سوال اٹھائے گا تو میں نہیں دیکھوں گا کہ میرے سامنے کون ہے’۔
فاسٹ بولر نے بتایا کہ ‘بھارت کے خلاف ہمارا پہلا میچ تھا، بھارتی اننگز کے بعد جب پاکستان کی بیٹنگ جاری تھی اور میں بیٹنگ کے لیے آیا تو ویرات کوہلی نے جملے کسے کہ جمعہ جمعہ 8 دن ہوئے ہیں آپ کو کرکٹ میں آئے ہوئے اور آپ اتنی باتیں کرتے ہیں’۔
سہیل خان نے بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ ‘میں نے جواب دیا بیٹا جب آپ انڈیا انڈر 19 میں کھیل رہے تھے تب آپ کا باپ ٹیسٹ کرکٹر تھا جس پر مصباح بھائی آئے اور مجھ پر غصہ کیا کہ خاموش ہوجاؤ، ادھر سے دھونی آیا اور ویرات سے کہا سائیڈ میں ہوجاؤ، یہ (سہیل) پرانا چاول ہے، تم اس کو نہیں جانتے’۔
فاسٹ بولر نے کہا ‘اس کے بعد ویرات سیدھا گیا اور جاکر فیلڈ پر کھڑا ہوگیا’۔
یہ دلچسپ کہانی سنانے کے بعد سہیل خان بھارت میں ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہوگئے۔



