اداکارہ سے جنسی زیادتی، بھارتی اداکار گرفتار

ایک بھارتی اداکار کو جونیئر اداکارہ کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد اسقاط حمل کے لیے مجبور کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تیلگو فلم انڈسٹری (تیلگو) سے تعلق رکھنے والے اداکار بالاپتی پریانتھ راؤ کو حیدر آباد کی جوبلی ہلز پولیس نے جونیئر اداکارہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کر کے اسے حاملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔
حیدر آباد پولیس کے مطابق جونیئر اداکارہ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کے بعد کئی ماہ سے ملزم فرار تھا۔
متاثرہ اداکارہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بالاپتی پریانتھ راؤ نے ناصرف جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا بلکہ میری ذات کو لیکر تذلیل بھی کی۔
پولیس کے مطابق ایک روز پریانتھ جونیئر اداکارہ کو حیدرآباد کے ایک ریزورٹ پر لے گیا اور اسے شادی کا جھانسہ دیکر جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، اسی دوران جب جونیئر اداکارہ حاملہ ہو گئی تو اداکار نے اسے بلیک میل کرنا شروع کر دیا اور اسقاط حمل کی گولیاں دیکر اداکارہ کی صحت کو نقصان پہنچایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اداکار بالاپتی پریانتھ راؤ کی جانب سے خاتون اداکارہ کو دھمکایا گیا کہ اگر اس نے اس معاملے کو اجاگر کیا تو اس کی زندگی بھی جا سکتی ہے تاہم اداکارہ کی جانب سے جولائی میں درخواست دائر کی گئی جس کے بعد سے ملزم کی تلاش جاری تھی۔



