بنا اجازت تصویر کا غلط استعمال، ماڈل کا پراپرٹی ڈیویلپر کیخلاف مقدمہ


ماڈل نے اپنی تصویر بنا اس کی اجازت تشہیری مہم میں استعمال کرنے پر پراپرٹی ڈویلپر کے خلاف 60 لاکھ درہم (تقریباً 32 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) ہرجانے کا مقدمہ دائر کر دیا۔
گلف نیوز کے مطابق ماڈل کی طرف سے دبئی کورٹ میں درج کرائے گئے اس مقدمے میں کہا گیا ہے کہ اس نے پراپرٹی ڈویلپر کے ایک پراجیکٹ کی تشہیری مہم کے لیے ماڈلنگ کی تھی۔
ماڈل اور پراپرٹی ڈویلپر کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا کہ وہ اس کی تصویر تشہیری مہم کے لیے ایک سال تک استعمال کر سکتا ہے۔
تاہم ماڈل نے مقدمے میں بتایا کہ پراپرٹی ڈویلپر تین سال سے اس کی تصویر استعمال کرتا آرہا ہے۔ یہ تصاویر پورے متحدہ عرب امارات میں بل بورڈز پر استعمال کی جا رہی ہیں۔
ماڈل نے مقدمے کے لیے دی گئی درخواست میں مزید کہا کہ ”معاہدے میں یہ بھی طے پایا تھا کہ فوٹو شوٹ سے میری صرف ایک تصویر استعمال کی جائے گی اور وہ بھی صرف پراجیکٹ کے بروشر کے سرورق پر لگائی جائے گی، مگر وہ میری تصویر تین سال سے بل بورڈز پر استعمال کر رہے ہیں، جس کا مجھے اب علم ہوا ہے۔ “
عدالتی ریکارڈ کے مطابق ماڈل کوایک سال کے اس معاہدے میں پراپرٹی ڈویلپر کی طرف سے 30 ہزار درہم (16لاکھ روپے سے زائد) دیئے گئے تھے۔



