عمر شریف کی بیوہ تنقید کرنے والوں پر بھڑک اٹھیں


پاکستان کے مشہور کامیڈین عمر شریف کی بیوہ زرین عمر نے خود پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھو لیا ہے۔
زرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ ان کو بیوہ ہوئے کافی دن گزر چکے ہیں، لیکن جب بھی وہ اچھے کپڑے پہنتی ہیں یا تیار ہو کر سوشل میڈیا پر ویڈیوز اپلوڈ کرتی ہیں تو لوگ انہیں بہت زیادہ تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اور کتنا عرصہ سوگ مناؤں اور کس طرح سوگ مناؤں؟ کیا کالا جوڑا پہن کر بیٹھ جاؤں اور سب کے سامنے روتی رہوں؟
View this post on Instagram
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمر شریف کا سوگ 20 سال بھی مناؤں تو کم ہے۔
زرین عمر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تقریباً 8 منٹ کی ویڈیو میں صارفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اور عمر شریف کی شادی کو 20 سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔ عمر شریف جتنے اچھے فنکار تھے اس سے کہیں زیادہ اچھے انسان اور شوہر تھے۔ جس شخص نے اپنی بیوی کو اتنا پیار، محبت اور عزت دی ہو کیا اس کا سوگ صرف ایک سال یا ایک مہینے کے لئے منانا کافی ہوگا؟
زرین عمر کا کہنا تھا کہ اگر وہ 20 سال بھی اپنے مرحوم شوہر کا سوگ منائیں تو کم ہے۔ میرے لئے اہم یہ ہے کہ عمر کے چھوڑے ہوئے فلاح منصوبے پورے کروں۔
زرین عمر نے اپنے اور عمر شریف کے رشتے کی خوبصورتی بیان کرتے ہوئے کہا کہ “عمر نے مجھے ملکہ بنا کر رکھا مگر میں ان کی کنیز بن کے رہی۔ میں جتنی تکلیف میں ہوں اسے بیان کرنا ممکن نہیں کیونکہ میری زندگی تو عمر کے گرد ہی گھومتی تھی۔ وہ صرف میرے شوہر ہی نہیں بلکہ دوست بھی تھے اور میں ان سے پہلے مر کر ان کے کندھوں پر دنیا سے جانا چاہتی تھی۔ آج عمر دنیا سے گئے ہیں تو کل میں بھی چلی جاؤں گی میرے لئے سب سے اہم بات یہ ہے کہ ان کے چھوڑے ہوئے فلاحی کام پورے کروں۔ میں ان جیسا نہیں کرسکتی لیکن جتنا مجھ سے ہوتا ہے میں کرتی ہوں۔”
زرین نے صاف الفاظ میں کہا کہ میں تیار بھی ہوں گی اور اچھے کپڑے بھی پہنوں گی کیونکہ یہ مجھے پسند ہے اور یہ بات عمر بھی جانتے تھے۔ میں کسی کے کہنے سے یہ سب نہیں چھوڑوں گی اور جو لوگ مجھ پہ تنقید کرتے ہیں ان کو یہی مشورہ دوں گی کہ لوگوں کی خوشی میں خوش رہنا سیکھیں۔



