کس معروف بھارتی فلم ساز نے عمران خان پر گانا چرانے کا الزام لگایا؟

بھارت کے مشہور و معروف فلم ساز ‘وویک رنجن اگنی ہوتری’ نے پاکستانی سابق وزیراعظم عمران خان پر اپنی فلم ’دی کشمیر فائلز‘ کا گانا چرانے کا الزام عائد کردیا
چند روز پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ کی حدود سے رینجرز کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری ہوئی۔جس کے بعدکئی پرتشدد مظاہرے دیکھنے میں آئے تھے جبکہ عمران خان کے حامیوں کی ریاستی مشینری کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔
تحریک انصاف کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سمیت چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ذاتی انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ان احتجاجی مظاہروں کی مختلف ویڈیوزشیئر کی گئی تھیں جن میں سے ایک شیئر کی گی ویڈیو میں ‘ہم دیکھیں گے’ گانا چل رہا تھا۔
جس پر بھارت کے مشہورومعروف فلم ساز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر عمران خان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شیئر کی جانے والی ویڈیو پوسٹ سے متعلق یہ ٹوئٹ اور دعویٰ کیا کہ ویڈیو کے پیچھے چلنے والا گانا ‘ہم دیکھیں گے’ ان کی فلم کشمیر فائلز کا آفیشل گانا ہے۔
ساتھ ہی وویک رنجن نے یہ واضح بھی کیا کہ پاکستانی شاعر فیض احمد فیض کی تحریر کردہ اس نظم کے کئی ورژنز موجود ہیں اور مذکورہ ورژن کے نشریاتی حقوق انہوں نے فیض ہاؤس سے حاصل کررکھے ہیں۔



