بھارتی شخص نے ’میرا دل یہ پکارے آجا‘ فیم گرل سے فرضی نکاح کرلیا

بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے تعلق رکھنے والے مسلمان شہری فیضان انصاری نے دلہن کے بغیر پاکستانی لڑکی سے فرضی نکاح کرلیا۔ فیضان انصاری نے گزشتہ ماہ دسمبر میں کہا تھا کہ وہ ’میرا دل یہ پکارے آجا‘ گانے پر منفرد ڈانس کرکے وائرل ہونے والی ٹک ٹاکر پاکستانی لڑکی عائشہ مانو سے شادی کرنا چاہتے ہیں اور وہ اس ضمن میں پاکستان بھی آئیں گے۔ انہوں نے کہا تھاکہ انہوں نے عائشہ مانو کی ڈانس ویڈیو دیکھنے کے بعد انہیں اپنی دلہن تسلیم کرلیا ہے اور وہ ٹک ٹاکر سے نکاح کے لیے پاکستان آئیں گے۔
بعد ازاں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی سفارت خانے نے انہیں پاکستان کا ویزہ دینے سے انکار کردیا اور اب انہوں نے بھارت میں ہی عائشہ مانو کی غیر موجودگی میں ہی ان سے فرضی نکاح کرلیا۔
فیضان انصاری نے سال نو کے موقع پر یکم جنوری کو فرضی نکاح کی رسم ادا کی۔ انہوں نے فرضی نکاح کے لیے ایک مولوی صاحب کی خدمات حاصل کیں اور اپنی طرف سے نکاح نامے پر دستخط کرکے عائشہ مانو کے لیے حق مہر کے طور پر 15 لاکھ بھارتی روپے کا چیک بنا کر اپنے پاس رکھ لیا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیضان انصاری نے بتایا کہ وہ پہلے ہی فیصلے کر چکے تھے کہ وہ صرف عائشہ مانو سے ہی شادی کریں گے، اس لیے انہوں نے ان سے فرضی نکاح کرلیا۔
فیضان انصاری نے دعویٰ کیا کہ عائشہ مانو ان سے رابطہ کر چکی ہیں اور ان سے تمام معلومات بھی حاصل کر چکی ہیں۔ فیضان انصاری کے مطابق عائشہ مانو انہیں بتا چکی ہیں کہ وہ انہیں بدنام نہ کریں، اس لیے ان کی بھی خواہش اور کوشش ہے کہ کوئی بھی ٹک ٹاکر کو بدنام نہ کرے۔ ایک سوال کے جواب میں فیضان انصاری نے بتایا کہ اگر عائشہ مانو بھارت کے بجائے کسی تیسرے ملک میں ان سے ملنا چاہیں گی تو بھی وہ وہاں جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عائشہ مانو سے شادی کے اعلان کے بعد پاکستان اور بھارت کی لڑکیوں نے میسیجز میں ان میں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔



