بالی وڈ کی مشہور اداکارہ بغیر اجازت تصاویر استعمال کرنے پربھڑک اٹھیں

بالی ووڈ کی مشہور و معروف اداکارہ انوشکا شرما نے نامور اسپورٹس برانڈ کی جانب سے اپنی تصاویر بغیر اجازت تشہیر کے لیے استعمال کرنے پر ناراضگی کا اظہار کر دیا۔
انوشکا شرما نے اپنی انسٹا اسٹوری پر ایک برانڈ کی ایک انسٹا پوسٹ شیئر کی ہے، اس پوسٹ میں موجود تصاویر میں اداکارہ مذکورہ برانڈ کے کپڑے پہنے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔
اُنہوں نے اپنی اسٹوری میں برانڈ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ آپ یہ جانتے ہوں گے کہ میری تصاویر کو تشہیر کے لیے استعمال کرنے سے پہلے آپ کو میری اجازت لینی چاہیئے کیونکہ میں آپ کی برانڈ ایمبیسڈر نہیں ہوں۔


اُنہوں نے غصّے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ براہِ مہربانی، ان تصاویر کو ہٹا دیں۔
خیال رہے کہ بھارت سے مذکورہ برانڈ کے ایمبیسڈرز میں ویرات کوہلی، کے ایل راہول، کرینہ کپور خان، یوراج سنگھ، ایم سی میری کوم، اوانی لیکھارا اور ڈی چند شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اداکارہ ماضی میں بھی اجازت کے بغیر اپنی اور اپنے کرکٹر شوہر ویرات کوہلی کی تصاویر بنانے پر کئی پبلیکیشنز پر تنقید کر چکی ہیں۔



