دو دن تک سوتا رہا بھوک لگنے پر آنکھ کھلی تو حیران رہ گیا، سنجے دت

بالی ووڈ کے منا بھائی سنجے دت نے انکشاف کیا ہے کہ ایک مرتبہ وہ نشہ کر کے ایسا سوئے کہ 2 دن بعد بھوک لگنے پر جاگے جس کے بعد وہ خود بھی حیران رہ گئے۔
View this post on Instagram
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کچھ عرصہ قبل سنجے دت نے اداکار جیکی شروف اور سلمان خان کے ساتھ پروگرام ’10 کا دم‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے نشے کا عادی ہونے کا آن اسکرین اعتراف کیا۔
پروگرام کے دوران جیکی شیروف نے سنجے دت سے سوال کیا تھا کہ وہ کالج کے طلبہ کو ڈرگز کے بارے میں بتائیں کہ اس کے کسی شخص کی زندگی پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟
جواب میں سنجے کا کہنا تھا کہ ڈرگز بے کار چیز ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنی زندگی کے اس واقعے کے بارے میں بھی بتایا جس کے بعد انہوں نے ڈرگز چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔
سنجے دت نے بتایا کہ ایک بار میں دن کے وقت خوب نشہ کر کے آیا اور کمرے میں جا کر سوگیا، جب شام 7 سے 8 بجے کے درمیان اٹھا تو بھوک لگی، اپنے پرانے نوکر کو بلاکر کھانا لانے کو کہا تو وہ رونے لگا اور کہا کہ آپ دو دن بعد کھانا مانگ رہے ہیں۔
سنجے دت کا کہنا تھا کہ اس پر میں حیران ہوا اور کہا کہ میں تو کل رات کو سویا تھا، تو وہ بولا کہ نہیں آپ دو دن پہلے سوئے تھے۔ اداکار نے بتایا کہ اس دن ان کی زندگی میں ایک تبدیلی آئی انہوں نے کہا کہ میں واقعی ہوش میں نہیں تھا، بس اس دن میں نے فیصلہ کیا کہ آئندہ میں نشہ نہیں کروں گا۔
یاد رہے کہ سنجے دت بے حد نشہ کرنے کے باعث حال ہی میں پھیپڑوں کے کینسر میں مبتلا ہوگئے تھے اور کئی سال بیماری کا علاج کروانے کے بعد صحتیاب ہوئے ہیں تاہم اس دوران نہ صرف انہوں نے نشے کی عادت کو ترک کیا بلکہ کئی سالوں بعد بالی ووڈ میں نئی فلموں کے ساتھ دوبارہ انٹری بھی دی۔



