
کراچی میں بلدیاتی الیکشن تیسری بار ملتوی ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے فوری طور پر اہل کار دستیاب نہیں ہوسکیں گے۔
نمائندہ سما کے مطابق کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پولیس اور دیگر صوبائی محکموں نے بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کی مخالفت کردی ہے۔
محکموں اور پولیس کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے فورس دستیاب نہیں کرسکتے، جس کے بعد پولیس حکام نے سندھ حکومت کو آگاہ کردیا۔
کراچی میں بلدیاتی الیکشن کا حتمی فیصلہ آج بروز جمعہ 30 ستمبر کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی الیکشن کیلئے 23 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات اس سے قبل دو بار ملتوی ہو چکے ہیں۔
دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد کے 16 اضلاع میں پولنگ ہونی تھی۔
24 جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات 20 جولائی کو ممکنہ بارشوں کے پیش نظر ملتوی کرکے 28 اگست کو کرانے کا اعلان کیا تھا، تاہم بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے 28 اگست کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات بھی ملتوی کردیے گئے تھے۔
رواں سال جون میں ہونے والے سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پاکستان پیپلز پارٹی کا پلڑا بھاری رہا۔



