
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بغاوت کے مقدمے میں شہباز گل کی درخواست ضمانت 14 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر کردی۔
بغاوت پر اکسانے کے الزام میں زیرحراست تحریک انصاف کے رہنما شہبازگل کی درخواست ضمانت اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لئے مقرر کردی گئی۔
7 ستمبر کو شہبازگل کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لئے مقرر کی گئی تھی، اوررجسٹرار آفس نے کاز لسٹ جاری کی تھی، جس کے مطابق شہباز گل کی درخواست ضمانت پر سماعت 9 ستمبر کو چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کرنی تھی۔
گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف کی پیشی کے باعث شہباز گل کیس کی کاز لسٹ منسوخ ہوگئی تھی۔
آج اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے دوبارہ کاز لسٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق شہباز گل کی ضمانت کی درخواست پر چیف جسٹس اطہر من اللہ 14 ستمبر کو سماعت کریں گے۔
عدالت نے شہباز گل کی درخواست پر پولیس کو نوٹس کرکے جواب طلب کر رکھا ہے۔



