
ساتویں نئی ڈیجیٹل مردم شماری ملتوی ہونے کا امکان ہے۔
ادارہ شماریات کے حکام نے بتایا ہے کہ مردم شماری اکتوبر کے بجائے دسمبر میں کرانے کی تجویز پیش کی گئی۔
مردم شماری کیلئے ٹیبلٹس سمیت تکنیکی آلات کی خریداری میں تاخیر ہوئی ہے۔
اس سے قبل مردم شماری 15 اکتوبر2022 سے 15 نومبر2022 کے دوران کرانے کا منصوبہ تھا۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ پائلٹ خانہ و مردم شماری کا عمل مکمل ہو چکا ہے تاہم مردم شماری ملتوی کرنے کا ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
اس حوالے سے حتمی فیصلہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں ہوگا۔
واضح رہے کہ 18 جولائی سے ہونے والے پائلٹ پراجیکٹ میں 2 لاکھ سے زائد افسران اور فوجی جوانوں نے مردم شماری کی ڈیوٹی دی۔
ملک بھر سے کراچی، پشاور، آزاد کشمیر اور گلگت۔بلتستان سمیت 33 اضلاع پائلٹ پراجیکٹ میں شامل کئے گئے۔ کوئٹہ اور لاہور اس منصوبے کا حصہ نہیں تھے۔ 175 دیہی اور 254 شہری بلاکس میں پائلٹ مردم شماری کرائی گئی۔
پلاننگ کمیشن کو پائلٹ مردم شماری 15 اگست سے پہلے مکمل کرنے کا ٹاسک ديا گيا تھا۔ شہریوں کو موبائل فون اور انٹرنیٹ سے آن لائن مردم شماری فارم پر کرنے کی سہولت بھی دی گئی اور اس سلسلے میں ہر خاندان کو خصوصی پن کوڈ ملا۔



