اسد قیصر نے ایف آئی اے کی جانب سے طلبی کو عدالت میں چیلنج کردیا

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اسد قیصر نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) کی جانب سے جاری طلب کیے جانے کے نوٹس کو پشاور ہائی کورٹ میں چلینج کر دیا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کے پی کے مطابق اسد قیصر کی جانب سے بدھ 10 اگست کو پشاور ہائی کورٹ میں ایف آئی اے کی جانب سے طلب کئے گئے نوٹس کے خلاف پٹیشن دائر کی گئی۔
دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایف آئی اے کے پاس اختیار نہیں کہ وہ الیکشن کمیشن کے کیس پر انکوئری کرے۔ جن اکاؤنٹ سے ٹرانزیکشن ہوئی وہ پارٹی کا اکاوئنٹ ہے، جس کا تمام ریکارڈ موجود ہے۔
پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما نے درخواست میں موجود اپنا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ یہ اکاونٹ غیر قانونی نہیں ہے۔ پارٹی کی سہولت کے لیے کھولا تھا، انہوں نے کہا کہ اکاوئنٹ سے 21 لاکھ کی ٹرانزیکشن ہوئی جس کا ریکارڈ موجود ہے۔ یہ ایف آئی اے کا اختیار نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کو 11 اگست کو طلب کیا ہے۔
قبل ازیں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایف آئی اے پشاور کا نوٹس ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں ایف آئی اے پشاور کی جانب سے نوٹس ملا ہے، ان کے پاس تمام ریکارڈ موجود ہے جو وہ ایف آئی اے کے سامنے پیش کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا تھا کہ وہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں اور سیاسی و قانونی محاذ پر بھرپور مقابلہ کریں گے۔



