عمران خان کے گھر کا کرایہ 9 سال تک کس نے ادا کیا؟ بڑا انکشاف


پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے گھر کا کرایہ 9 سال تک امریکی قونصلیٹ دیتا رہا ہے، امریکی قونصلیٹ سے پیسہ لینے والے آزادی کی بات کرتے ہیں، جس کی کابینہ کے سارے مشیر امریکا یا برطانیہ کے شہری ہوں وہ ہمیں آزادی کا درس دیتے ہیں۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ رجیم چینج کون ہے کس کے خلاف سازش ہوئی، عالمی سازش کرکے عمران خان کو نہیں نکالا گیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عدلیہ ریاست کا اہم ادارہ ہے، اس کا احترام ہم پر فرض ہے، جب جج اپنے رویے سے متنازع بن جائے اور ایک فریق کو سہولت دیں تو ریاست تباہ ہوجاتی ہے، کوئی جتنا بھی طاقت ور کسی بھی ادارے میں ہے ہم کسی سے خوف زدہ نہیں، ضمنی الیکشن آئیں گے تو ہم ایک پارٹی کی طرح لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا سے مقبولیت کا اندازہ نہیں ہوتا، اس فتنے سے نوجوان نسل کو بچانا ہے، اداروں کو استعمال کرکے ہمارے خلاف کیسز بنائے گئے، اگر ہمارے خلاف اداروں نے کیسز بنائے تو ہم وہ فائلز ان کے منہ پر مار دیں گے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس وقت حکومتی اتحاد موجود ہے، پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ضمنی انتخابات میں اکٹھا الیکشن لڑیں گی۔



