
ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فرد جرم کیلئے 7 ستمبر کو طلب کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیشل کورٹ لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فرد جرم کے لیے آئندہ سماعت 7 ستمبر کو طلب کرلیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی گئی۔ دورانِ سماعت حمزہ شہباز کے وکیل نے ان کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کیں۔
پراسیکیوٹر نے حمزہ شہباز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کی۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ ضمانت منظور ہوتے ہی ملزم نے عدالت میں پیش ہونا چھوڑ دیا ہے۔
پراسیکیوٹر نے ملزم ملک مقصود کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی عدالت میں جمع کرادیا۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم کی موت کی تصدیق ہوگئی۔
دورانِ سماعت ایف آئی اے نے اشتہاری ملزم سلیمان شہباز کی جائیداد کا ریکارڈ بھی پیش کیا۔



