
عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی خاص دوست فرح خان پر سرکاری زمین مارکیٹ ویلیو سے کم قیمت پر لیز پر لینے کا مقدمہ درج ہوا ہے۔
محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے عمران خان کی اہلیہ کی قریبی دوست فرح خان کے خلاف ڈیری اینڈف وڈکمپنی کے لیے سرکاری زمین کو مارکیٹ ویلیو سے کم قیمت پر لیز پر لینے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ 2016 میں فرحت شہزادی (فرح خان) اور ان کی والدہ بشریٰ خان نے 26 نومبر 2020 کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں اپنی کمپنی ‘المعیز ڈیری اینڈ فوڈز پرائیوٹ لمیٹڈ’ کے نام سے کمپنی رجسٹر کرائی۔
30 نومبر 2020 کو المعیز ڈیری اینڈ فوڈز پرائیوٹ لمیٹڈ کی ڈائریکٹر فرحت شہزادی نے فیصل آباد انڈسٹریل زون میں ساڑھے 10 ایکڑ زمین حاصل کرنے کے لئے تحریری درخواست دی۔
15 مارچ 2021 کو فرحت شہزادی نے بتائے گئے طریقے کے تحت آن لائن درخواست جمع کرائی تاہم ضروری دستاویزات جمع نہ کرانے کی وجہ سے اسے مسترد کردیا گیا۔
5 اکتوبر 2021 کو فرحت شہزادی نے تیسری مرتبہ زمین کے لئے درخواست دی۔ 29 اکروبر کو زمین کی الاٹمنٹ کی منظوری دی گئی جب کہ 6 دسمبر کو الاٹمنٹ لیٹر بھی جاری کردیا گیا۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ فرح خان نے سرکاری افسران کےساتھ مل کرکم قیمت پر زمین لیز پر لی، حاصل کی گئی زمین کی قیمت مارکیٹ ویلیو کے مطابق 60 کروڑ روپے بنتی تھی لیکن یہ زمین صرف 8 کروڑ روپے میں لیز پر حاصل کی گئی۔



