
کراچی کی مقامی عدالت نے چند روز قبل انتقال کر جانے والے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کا حکم دے دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم سے متعلق فریقین کے دلائل سننےکے بعد آج صبح فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
عدالت نے شہری عبدالاحد کی جانب سے دائر درخواست منظور کرتے ہوئے عامرلیاقت کے پوسٹ مارٹم کی اجازت دے دی ہے تاکہ عامر لیاقت کی موت کی وجہ پتہ چل سکے۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت ایک معروف ٹی وی اینکر اور سیاست دان تھے، ان کی اچانک موت سے کراچی کے شہریوں میں شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں اور انہیں شک ہےکہ جائیداد کے تنازع پر انہیں قتل کیا گیا، اس لیے ان کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے تاکہ ان کی موت کی وجہ سامنے آسکے۔
خیال رہےکہ ممتاز ٹی وی اینکر، مقرر اور ایم این اے عامر لیاقت 9 جون کو اپنے کمرے میں بے ہوش پائے گئے تھے، ملازمین کی اطلاع پر عامر لیاقت کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔



