اہم خبریںپاکستان

کراچی میں خوفناک آتشزدگی، سیکڑوں موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور رکشے خاکستر

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں لگنے والی خوفناک آگ نے سیکڑوں موٹر سائیکلیں جلا کر راکھ  کردیں۔

بلاک 10 میں قائم نظارت میں آتشزدگی کے باعث کیس پراپرٹیز کی 500 سے زائد موٹر سائیکلیں، بس، رکشے اور کئی گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ ہمیں جیسے ہی آگ لگنے کی اطلاع ملی تو ہم نے ابتدائی طور پر 4 گاڑیاں موقع پر روانہ کردیں، آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید دو گاڑیاں طلب کی گئیں اور واٹر ٹینکر کے ذریعے فائر بریگیڈ کو پانی بھی فراہم کیا گیا۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق گلشن اقبال عزیز بھٹی پارک کے قریب جھاڑیوں میں لگی آگ دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی اور اس نے نظارت میں موجود گاڑیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔

فائر فائٹرز نے نظارت میں آگ بجھانے کا عمل شروع کیا، وہاں موجود گاڑیوں اور خاص طور پر ٹائروں کی وجہ سے ہر طرف دھواں پھیل گیا اور پورے علاقے میں سیاہ بادل چھاگئے جس کی وجہ سے رہائشیوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

فائر بریگیڈ نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا جس کے بعد کولنگ کا عمل شروع کیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ ہماری پہلی کوشش تھی کہ آگ سے قریب موجود فلیٹوں کو محفوظ رکھا جائے جس میں ہم کامیاب رہے۔

نظارت میں آتشزدگی کے باعث 500 سے زائد موٹر سائیکلیں، ایک بس، دو رکشے اور دو درجن سے زائد گاڑیاں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی ہیں تاہم فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ اور نقصان کی مالیت کا اندازہ نہیں لگایا جاسکا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نظارت میں لگنے والی آگ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

واضح رہے کہ نظارت وہ جگہ ہوتی ہے جہاں کیس پراپرٹیز میں پھنسا سامان مثلاً موٹر سائیکل، بس، ٹرک، گاڑیاں اور رکشے اور دیگر سامان لا کر رکھا جاتا ہے اور بوقت ضرورت اسے عدالت میں پیش کیا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button