
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی جانب سے جمعہ 10 جون کو پی ٹی آئی پنجاب قیادت کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔ پنجاب پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی قیادت کی گرفتاری کی اجازت کیلئے عدالت سے رجوع کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے وارنٹس انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے جاری کیے۔
تھانہ شاہدرہ کی پولیس کی جانب سے حماد اظہر، یاسر گیلانی، ندیم بارا، عدیل نواز، شفقت محمود اور میاں محمود الرشید کے وارنٹ گرفتاری حاصل کئے گئے ہیں، دیگر رہنماوں میں اعجاز چوہدری، اکرام عثمان، حسان نیازی، زبیر نیازی ،جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ شامل ہیں۔
پولیس کی جانب سے امتیاز شیخ، عندلیب عباس، مراد راس، ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں اسلم اقبال کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری حاصل کئے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت کے خلاف لانگ مارچ کے دوران لاہور میں توڑ پھوڑ ، پولیس پر تشدد اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات عائد تھے۔ پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کے لیے عدالت میں درخواست دی تھی۔



