
سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرا کو پناہ شیلٹرہوم بھیجنے اورمیڈیکل ٹیسٹ کرانے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے کہا ہے کہ دعا زہرا کی عمرکا تعین کرکے 2 روز میں رپورٹ پیش کریں۔
بہاولپورچشتياں سے بازياب ہونے والی کراچی سے تعلق رکھنے والی لڑکی دعا زہرا اوراس کے شوہرکو پوليس نے کراچی منتقل کرديا۔
سندھ حکومت نے دعا زہرہ کو پیش کرنے کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا جس پرعدالت نے دعا زہرہ کو آج ہی عدالت میں پیش کرنے کی اجازت دی۔
اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے بتایا کہ دعا زہرہ بازیاب ہوگئی ہیں اور عدالت میں پیش کرکے بیان ریکارڈ کرانا چاہتے ہیں۔
پولیس کے مطابق دعا اور اس کے شوہر نے بھائی کے گھرمیں پناہ لے رکھی تھی۔ دعا زہرا کو وومن پولیس اسٹیشن جبکہ شوہر ظہیرکواے وی ايل سی پولیس نے اپنی حفاظتی تحویل میں لیا ہے۔
کراچی کے علاقے شاہ فیصل گرین ٹاؤن سے مبینہ طور پراغواء ہونے والی دعا زہرا کو گزشتہ روز پنجاب سے بازیاب کرایا گیا تھا۔ دعا زہرا اورظہیرکا نکاح نامہ بھی منظرعام پرآچکا ہے۔
تین جون کو سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرا کیس میں ملزمان کے بینک اکاؤنٹس منجمد اور قومی شناختی کارڈ بلاک کرنے کے لیے نادرا اور اسٹیٹ بینک کو حکم دیا تھا۔



