
وفاقی کابینہ نے لاپتہ افراد کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کے سربراہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ہوں گے۔
وفاقی کابینہ نے لاپتہ افراد کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے ، اس سلسلے میں وزارت داخلہ نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق کمیٹی کے چیئرمین وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ہوں گے جب کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وزیر مواصلات مولانا اسعدمحمود،بی آئی ایس پی کے چیئرپرسن شازیہ مری، وزیر دفاعی پیداوار اسرار ترین, فیصل سبزواری، آغا حسن بلوچ کمیٹی کے رکن ہوں گے۔
لاپتہ افراد کے معاملے پرکمیٹی تشکیل، وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
کمیٹی کے چیئرمین وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ہوں گے، نوٹیفکیشن جاری۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ خاں، وفاقی وزیر اسعدمحمود، شازیہ مری اور اسرار ترین، فیصل سبزواری، آغا حسن بلوچ کمیٹی کا حصہ۔ pic.twitter.com/EH7EYcLF5r
— Rana SanaUllah Khan (@PresPMLNPunjab) May 30, 2022
ملک میں جبری طور پر لاپتہ کئے گئے افراد کی بازیابی اہم مسئلہ رہا ہے، اس حوالے سے متعلق ایک کمیشن بھی کام کررہا ہے جس کی سربراہی کئی برسوں سے موجودہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کررہے ہیں۔
لاپتہ افراد کمیشن پر الزام لگایا جاتا رہا ہے کہ یہ کمیشن جبری طور پر گمشدہ ہونے والے افراد کے واقعات میں ملوث افراد کا تعین نہیں کرسکا، اس کے علاوہ کمیشن اپنے احکامات پر عمل درآمد کرانے میں بھی ناکام رہا ہے۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کيس میں عبوری حکم نامہ جاری کیا تھا، جس ميں عدالت عالیہ نے صحافی مدثر نارو سمیت 6 لاپتہ افراد کو 17 جون کو عدالت پیش کرنے کا حکم دیا جبکہ لاپتہ افراد کو پیش نہ کرنے یا موثر تحقیقات میں ناکامی پر حکومت سے وضاحت طلب کی ہے۔



